top header add
kohsar adart

اہل شام کو آزادی کی صبح مبارک ہو،جماعت اسلامی پاکستان

اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ اہل شام کو آزادی کی صبح مبارک ہو۔

آصف لقمان قاضی نے اپنے بیان میں کہا کہ چھ دہائیوں پر مشتمل ظلم اور وحشت کی طویل رات کا خاتمہ ہوا، جبکہ آزادی، انسانی شرف و احترام، عدل وانصاف کے ماحول میں جینا ہر قوم کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی آمر کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ قوم کے ارمانوں کا خون کرے، انسانی لاشوں کی اساس پر اپنے محلات کی تعمیر کرنے کا حق کسی آمر کو نہیں پہنچتا۔

آصف لقمان کا کہنا تھا کہ مجبور اور مظلوم شامی عوام پر اپنے وطن کی فضائیں حرام کر دی گئی تھیں، شامی عوام کو قومی زندگی کا نیا آزاد دور مبارک ہو، یہ اللہ کے شکر اور دعا کا وقت ہے۔

ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلامی تہذیب کے حوالے سے ارض شام کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، آزادی شام کے علمبرداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، نیا ملک شام پرانے شام سے مختلف ہونا چاہیے، ظلمتوں کا خاتمہ نور رحمت کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ مزاحمت کی عبوری قومی مجلس نے تمام اہل شام کو امن، احترام ، عدل اور حریت کا یقین دلایا ہے، ان کے اعلانات امید افزا ہیں اور دشمن کی پھیلائی گئی غلط فہمیوں کا تدارک کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تو دمشق کے دروازے کھلے ہیں، ابھی القدس کی آزادی کی منزل تو باقی ہے، ہم ارض شام کی آزادی کے علمبرداروں کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، آزادی کے حصول کے لئے دور جدید کے اس عظیم انقلاب کی صورت گری ہم سب مل کر کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More