الحکمہ اکیڈمی بیروٹ کی افتتاحی تقریب ۔۔۔۔جمیل الرحمن عباسی
30 اپریل 2024 بروز منگل الحکمہ اکیڈمی چوریاں کہو شرقی یوسی بیروٹ میں مختصر دورانیے کے ایک اجتماع کا انعقاد ہوا۔
اس نشست کی غرض و غایت اکیڈمی اور اس کے تعلیمی منصوبے کا تعارف تھا ۔
مجلس میں پینتیس سے کچھ زائد خواتین اور اتنے ہی مرد شریک ہوئے ۔ مقامی علمائے کرام میں سے مولانا ساجد صاحب امام و خطیب محمدی مسجد ناولی لوئر بیروٹ ، مفتی حسنین یاسین صاحب مدرس مدرسہ علی المرتضی جلہیال ، مولانا شاہنواز فاروقی صاحب امام مسجد بانڈی چندال ، مولانا اویس رفاقت صاحب امام مسجد باسیاں اور حافظ طارق صاحب مدرس مدرسہ چوریاں اور مفتی قمر امجد صاحب کونسلر وی سی جلہیال نے محفل کو رونق بخشی ۔
مولانا شاہنواز فاروقی صاحب کی تلاوت قرآن کریم سے محفل کا آغاز ہوا ۔ جس کے بعد راقم الحروف نے اکیڈمی کے تعلیمی منصوبوں کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے عرض کیا کہ ہم نے حفظ قرآن مع ترجمہ کی کلاس کے داخلے شروع کر دئے ہیں اور چند روز میں باقاعدہ پڑھائی شروع ہو جائے گی ۔ کلاس رومز کی آرائش و ترتیب کے بعد ہم جلد ہی بالغ خواتین کے لیے مختصر دورانیے کے کورس ،، تعلیم الاسلام ،، اور بڑی عمر کے مرد و خواتین کے لیے عمومی درس قرآن بھی شروع کریں گے ۔
اس کے بعد مہمان خصوصی جناب مفتی اویس پاشا قرنی دامت برکاتہم نے محفل سے خطاب کیا ۔
انھوں نے آیات و احادیث سے مزین دلنشین گفتگو میں بیان کیا کہ قرآن مجید کے الفاظ کی طرح اس کے معنی بھی اللہ کی طرف سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو سکھائے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قرآن کریم کی حفاظت کا جو وعدہ اللہ تعالیٰ نے کیا وہ قرآن کے الفاظ کے ساتھ اس کے معنی کو بھی شامل ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کرام تک قرآن اس کے معنی کے ساتھ منتقل کیا اور قرآنی الفاظ و معنی کی یہ منتقلی نسل در نسل جاری رہی اور آج بھی ہزاروں اہل علم اس قرآنی شمع کو روشن کیے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہر علم کی طرح قرآن کریم کی تعلیم کے لیے بھی اہلیت درکار ہے ۔ اہل لوگ ہی اس کی تعلیم دینے کے مجاز ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیم دینے کا اہل وہ شخص ہے جس نے علمائے کرام کے زیر تربیت رہ کر اس مقدس تعلیم کے اصول و ضوابط سیکھیے ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ دین کا چھوٹے سے چھوٹا کام بھی اپنی ذات میں بڑا ہوتا ہے ۔ البتہ اس میں اخلاص نیت ضروری شرط ہے ۔
انھوں نے تمام حاضرین سمیت اس اکیڈمی کے منتظمین کے لیے خلوص و اخلاص کی خاص دعائیں فرمائیں ۔
دعا کے بعد سادہ سے کھانے سے حاضرین کی تواضع کی گئی ۔
اس دوران مدرسہ علی المرتضی کہوٹی بیروٹ میں افتتاح بخاری کی تقریب شروع ہو چکی تھی ۔ شرکاء میں سے کئی مرد و خواتین کھانے سے جلد فارغ ہو کر مدرسہ علی المرتضیٰ کی طرف روانہ ہو گئے ۔
راقم ،مفتی اویس پاشا قرنی صاحب ، علمائے کرام
جملہ شرکاء اور بالخصوص
محمد الطاف صاحب اور بلال عباسی صاحب کا بہت شکر گزار ہے جنھوں نے تقریب کے انعقاد کے سلسلے میں بہت محنت کی ۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو دین متین کی خدمت کی توفیق ارزاں کرے ۔
بندہ جمیل الرحمن عباسی