اسرائیل پر حملہ جلد ہونے جارہا ہے، حسن نصراللّٰہ
اسرائیل پر حملہ جلد ہونے جارہا ہے، حسن نصراللّٰہ
حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ نے کہا ہے کہ اسرائیل پر حملہ جلد ہونے جارہا ہے، حملے کے وقت سے متعلق بےیقینی اسرائیل کی سزا کا حصہ ہے۔
بیروت سے عرب میڈیا کے مطابق حسن نصراللّٰہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل جنگی طیاروں سے لبنانی فضائی حدود میں ساؤنڈ بیریئر توڑ کر خوف پھیلانا چاہتا ہے۔ ایک بات واضح ہوچکی ہے کہ نیتن یاہو غزہ پٹی میں جنگ بندی نہیں کرنا چاہتا۔
سربراہ حزب اللّٰہ نے کہا کہ اسرائیل کے حملے میں کمانڈر فواد شکر کی شہادت سے حزب اللّٰہ کو بڑا نقصان پہنچا اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے حماس سمیت حزب اللّٰہ کو بھی دھچکا پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطینی ریاست قبول نہیں ہے، خواہ یہ ریاست صرف غزہ پٹی تک محدود رہے۔
حسن نصراللّٰہ نے مزید کہا کہ حزب اللّٰہ اسرائیل کو احتیاط کے ساتھ جواب دے گی، پورا اسرائیل ایک ٹانگ پر کھڑا ہے۔
حزب اللّٰہ کے سربراہ نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ اور فواد شکر کی شہادت اسرائیل کی جانب سے ہدف کا حصول ہے، کامیابی نہیں، اسرائیل کامیاب رہا تو اردن پر اس کا قبضہ ہوگا۔
حسن نصراللّٰہ کا مزید کہنا تھا کہ طاقتور فوج کا دعوے دار اسرائیل جنگی میدان میں امریکا سے مدد مانگتا ہے۔