اسرائیل میں حزب اللّٰہ کا ڈرون حملہ، 40 اسرائیلی زخمی
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے اسرائیل پر ڈرون حملہ کردیا جس میں 40 سے زیادہ اسرائیلی زخمی ہوگئے، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حزب اللّٰہ کی جانب سے بین یامین کے علاقے میں ڈرون حملہ کیا گیا ہے، حملے کے وقت ایمرجسنی سائرن بھی نہیں بج سکے۔
اسرائیلی فوج اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ حملے سے پہلے وارننگ سائرن کیوں فعال نہیں کیے گئے؟
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی طرف سے شمالی غزہ پر 9 دن سے جاری محاصرے میں کم از کم 300 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ زمینی حملے اور ڈرون حملوں کی وجہ سے ہزاروں فلسطینی محصور ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 42 ہزار 227 افراد شہید اور 98 ہزار 464 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔