اردو صداکاری اور تلفظ کو منفرد شناخت دینے والے ضیا محی الدین چل بسے
پاکستان میں ٹی وی ٹاک شو کے بانی ضیاء محی الدین نے 92 برس عمر پائی

دنیا بھر میں اردو صداکاری اور تلفظ کو منفرد شناخت دینے والے ضیا محی الدین چل بسے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔
پاکستان میں ٹی وی ٹاک شو کے بانی ضیاء محی الدین اس جہان فانی میں 92 برس پر محیط سفر کر کے دوسرے جہان چلے گئے۔
جن لوگوں نے پاکستان ٹیلی وژن پر “ ضیاء محی الدین شو” (1969-1973)دیکھ رکھا ہے ۔وہ یہ جانتے اور سمجھتے ہیں کہ اس کے بعد بہت سے لوگوں نے اس شعبے میں بڑا نام بنایا مگر کوئی بھی ضیاء محی الدین جیسا شو نہ کر سکا اس لئے کہ کوئی ضیاء محی الدین جیسا تخلیق کار و اہل دانش نہ تھا۔
برطانوی فلموں کی اداکاری سے لے کر ہالی وڈ تک انہوں نے اپنے فن کے جوہر دکھا ئے۔
وہ اس پاکستان کی نسل سے تھے جس کو ”پرانا پاکستان” کہا جاتا ہے، تخلیق کاروں اور قابل لوگوں کا پاکستان۔ وہ لائلپور (موجودہ فیصل آباد ) میں پیدا ہوۓ اور قصور اور لاہور میں پلے بڑھے مگر ان کی شستہ اردو اور عمدہ تلفظ کی وجہ سے بیشتر لوگ انہیں اردو بولنے والا اہل زبان سمجھتے رہے ہیں۔ ضیا محی الدین نے دنیا بھر میں اردو کو ایک شناخت اور مقام دیا اسی حوالے سے اپنا نام و مقام پیدا کیا۔