آصف زرداری نےپرویز الہی کےلئے بڑی پیش کش کردی

چوہدری شجاعت سے ملاقات میں آصف زرداری نے پرویز الہی کےلیے بڑی اور پرکشش پیشکش کردی ہے جس کے بعد پرویز الہی کے لیے پنجاب اسمبلی کی تحلیل سے باز رہنا اور بھی اہم ہو گیا ہے۔
باخبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آصف زرداری نے چوہدری شجاعت سے گزشتہ ملاقات تو کسی طرح پرویز الہی کو وزیر اعظم بننے سے روکنے کے لیے کی تھی مگر اس بار کی ملاقات میں ان کا مدعا مختلف تھا۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری چاہتے ہیں کہ پرویز الہی اسمبلی تحلیل نہ کرنے کے اپنے موقف پر ڈٹے رہیں تو حکومت اور پی ڈی ایم نہ صرف ان کا بھرپور ساتھ دے گی بلکہ اگر وفاقی حکومت کی معیاد اگست 2023 کے بعد چھ ماہ سے ایک سال کے لیے بڑھائی جاتی ہے تو پرویز الٰہی کی وزارت اعلی کی مدت بھی اتنا ہی عرصہ بڑھ جائے گی۔ یوں وہ ڈیڑھ سے دو برس سب سے بڑے صوبے کے وزیر اعلی کی نشست پر متمکن رہیں گے ۔

دوسری طرف اگر وہ عمران خان کا ساتھ دیتے ہیں تو ان کا اور ان کے خاندان کا سیاسی مستقبل غیر یقینی صورت حال کا شکار ہو جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زرداری نے اس پیش کش میں مزید اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر چوہدری پرویز الٰہی تعاون کرتے ہیں تو مستقبل کی حکومت سازی میں بھی انہیں اہمیت دی جائے گی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی کا سیاسی مستقبل بھی روشن رہے گا۔

ذرائع کے مطابق دوسری طرف پرویز الہی کو بھی اس بات کا اندازہ ہے کہ عمران خان کے کہنے پر اسمبلی تحلیل کرکے ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اسمبلی کی تحلیل کے معاملے کو زیادہ سے زیادہ وقت تک ٹالنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران اگرچہ بہ ظاہر سیاسی طور پر ایک دوسرے کی مخالف سمت میں کھڑے نظر آتے ہیں، تاہم وہ خاندانی طور پر ایک دوسرے سے الگ نہیں ہیں اور اب بھی چودھری شجاعت کے فیصلوں اور آرا کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ واضح رہے کہ چوہدری شجاعت کا یہ بیان بھی  ریکارڈ پر ہے کہ پرویز الٰہی کو اسمبلی توڑنے سے  میں نے منع کیا جبکہ عمران خان پر وزیر آباد حملے کے مقدمے میں فوجی افسران کو نامزد کرنے سے بھی میں نے ہی روکا تھا۔

ایک تبصرہ چھوڑ دو