آئی سی سی چیمپینز ٹرافی دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی
آئی سی سی چیمپینز ٹرافی دبئی سے اسلام اباد پہنچ گئی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چمیئنز ٹرافی کا کپ دبئی سے اسلام آباد پہنچادیا اور دو روز بعد ملک بھر کا دورہ ہوگا۔
آئی سی سی کے شیڈول کے مطابق 16 نومبر کو سکردو سے چمپئینز ٹرافی کا دورہ شروع ہوجائے گا جو 24 نومبر تک جاری رہے گا۔
چمپیئنز ٹرافی کو سکردو کے بعد کے-ٹو بیس کیمپ لے جایا جائے گا، ٹرافی کے دورے میں وہ شہر بھی شامل ہوں گے جہاں چیمپینز ٹرافی کے میچ شیڈول ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان کے بغیر ہی ٹرافی کا دورہ شروع ہو گا جبکہ آئی سی سی ٹورنامنٹ کے آغاز سے 4 ماہ پہلے شیڈول کا اعلان کرتا ہے۔
خیال رہے کہ مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے شیڈول کا اعلان 4 ماہ پہلے جنوری میں کیا گیا تھا، اسی طرح مینز ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے شیڈول کا اعلان 3 ماہ پہلے جون میں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان میں شیڈول ہے، جس کے مکمل شیڈول کا اعلان 11 نومبر کو لاہور میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اوربھارت کے تمام میچز لاہور میں شیڈول تھے۔
بھارتی بورڈ کی جانب سے انکار کے باعث آئی سی سی ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کر پا رہا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہٹ دھرمی پر اپنا واضح اور دو ٹوک مؤقف دیا ہے۔