ورلڈکپ 2023،آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کر لیا
اسلام آباد(کوہسار نیوز) ورلڈ کپ وارم اَپ میچز کے حوالے سے آئی سی سی نے پاکستان کا مطالبہ تسلیم کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان کے وارم اَپ میچز کے حوالے سے مطالبہ تسلیم کرلیا،پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سامنے موقف اپنایا تھا کہ ورلڈکپ کیلیے گرین شرٹس کو وارم اَپ میچ میں دوسرے گروپ کی کسی ٹیم کے خلاف کھلایا جائے کیونکہ میگا ایونٹ سے قبل پاکستان ایشیاکپ میں افغانستان، سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گا،بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو اس معاملے پر ایک تحریری جواب جمع کروایا گیا تھا۔
میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان
منگل کو میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ پاکستان کے وارم اپ گیمز نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف 29 ستمبر اور 3 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہوں گے، جسکا مطلب یہ ہے کہ قومی ٹیم میگا ایونٹ سے قبل کسی ایشیائی ٹیم کے مدمقابل نہیں آئے گی،دوسری جانب ٹورنامنٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:۔مسافر کوچ اور کار میں خطرناک تصادم، 8 افراد جاں بحق،20زخمی
شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائر ٹو سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔
گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا
جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا،
فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔