
"چلے” کے دوران ٹھنڈے مقام پر رکھا گیا۔۔ شیخ رشید کا انکشاف
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ 40 روزہ "چلے”کے دوران انہیں کسی ٹھنڈی جگہ رکھا گیا تھا کیونکہ تہجد کے وقت بھی وضو کے لیے گرم پانی دیا جاتا تھا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ انہیں اس دوران کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں دی گئی تاہم شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر اب دوبارہ گرفتاری کا ارادہ ہو تو مجھے فون کر کے بتایا جائے میں متعلقہ تھانے پہنچ جاؤں گا میرے ڈرائیور یا شیف کو گرفتار نہ کریں۔
پیر کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور اس کے سربراہ جنرل عاصم منیر ہمارا فخر ہیں۔ڈی جی آئی ایس ائی جنرل ندیم انجم بھی پاکستان کا اثاثہ ہیں۔
شیخ رشید نے اپنی گفتگو کے دوران بین السطور اپنا سیاسی لائحہ عمل بھی بیان کر دیا کہ وہ آگے کیا کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے دونوں حلقوں سے میں خود الیکشن لڑوں گا۔انہوں نے عمران خان اور تحریک انصاف سے اپنا سیاسی تعلق اور ووٹ بینک محفوظ رکھنے کی خاطر محتاط انداز میں یہ بھی کہا کہ میں جس سے دوستی کرتا ہوں زندگی کے اخری لمحے تک نبھاتا ہوں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ میرا بھتیجا راشد شفیق فی الوقت نمک مرچوں کا کاروبار کرے گا ابھی اس کی والدہ کا انتقال ہوا ہے جبکہ والد کی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے شیخ رشید کی جانب سے لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے حویلی کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
Kept in a cool place during "chilla",Sheikh Rasheed reveals ,"چلے" کے دوران ٹھنڈے مقام پر رکھا گیا۔۔ شیخ رشید کا انکشاف