پیپلز پارٹی کا 27 دسمبر سے انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 27 دسمبر سے باضابطہ انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی میں شرجیل میمن، شیری رحمان، شازیہ مری، ناصر حسین شاہ اور دیگر رہنماؤں نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ پیپلز پارٹی اپنی انتخابی مہم 27 دسمبر کو شہید بے نظیر بھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش سے شروع کرے گی، بلاول بھٹو زرداری چاروں صوبوں میں الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔
پی پی رہنماؤں نے کہا کہ ان کی جماعت عوامی رابطہ مہم پہلے ہی شروع کرچکی تھی۔ الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد پارٹی چیئرمین نے اجلاس بلا کر ملکی صورتحال کا جائزہ لیا۔
شازیہ مری نے عام انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر پورے ملک کو ترقی دے گی۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی کا انتخابی منشور تیار ہے، جلد اعلان کر دیا جائے گا۔