مری،یو سی نمبل میں جنگلی سوروں کا راج
رپورٹ ۔ (امتیاز شاہین عباسی)
تفصیلات کے مطابق مری کے نواحی علاقےبروری سکاؤٹ کیمپ چھرہ گلی کے قریب جنگلی سوروں نے اہلیان علاقہ کا جینا حرام کر دیا۔ دو الگ الگ واقعات میں جنگلی سوروں نے حملہ کرکے ایک بارہ سالہ بچی فاطمہ دختر الیاس کا پیٹ چیر دیا جبکہ ملحقہ علاقے میں ایک خاتون کو بھی زخمی کر دیا۔
فاطمہ نامی بچی کو ریسکیو 1122 نے موقع پر بروقت پہنچ کر بنیادی طبی امداد دی اور اسے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال مری منتقل کیا جبکہ دوسری زخمی خاتون کو ریسکیو 1122 کے پہنچنے سے پہلے ہی سی ایم ایچ اسپتال مری منتقل کر دیا گیا۔
اہلیان علاقہ میں جنگلی سوروں کے انسانی آبادی پر ان حملوں سے شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، انہوں نے محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف اور عوامی نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ان جنگلی سوروں کو انسانی آبادی سے دور منتقل کیا جائے یا ان کے خاتمے کیلئے دوررس اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔