
متنازع پیکا قانون کیخلاف پی ایف یو جے کا احتجاج کا اعلان
متنازع پیکا قانون کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے چیئرمین تحریک انصاف سے ہیں لیکن انہوں نے بھی پندرہ منٹ میں بل پاس کردیا۔
افضل بٹ نے کہا کہ پوری دنیا کو ہم اپنی آواز میں شامل کریں گے، حکومت نے ہم سے مشاورت کےلیے ایک ہفتہ بھی نہیں دیا، سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے چیئرمین تحریک انصاف سے ہیں، امید تھی شاید وہ ہمیں سنیں لیکن ایسا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی ثابت کرنے میں ہمارا خون شامل ہے، ہماری صدر زرداری سے درخواست ہے کہ وہ بل پر دستخط نہیں کریں، صدر مملکت آزادی اظہار رائے کے حوالے سے ہمارے اعتراضات کو ضرور مدنظر رکھیں۔
افضل بٹ نے یہ بھی کہا کہ موجودہ پارلیمنٹ میں بہت سے لوگ نئے آئے ہیں، وہ شاید پی ایف یو جے کی تاریخ سے واقف نہیں، ہم بڑھکیں نہیں مارتے عمل کرنے والے لوگ ہیں۔