
عمران خان سے متعلق شکایت ملی تو ملک بند کردیںگے،گنڈا پور
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بدترین رویہ اختیار کیا ہوا ہے، جیل میں عمران خان کو سہولیات نہیں دی جا رہیں، کبھی بجلی بند کر دی جاتی ہے تو کبھی کھانا نہیں دیا جاتا۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل کے اندر ان کے حقوق نہیں دیے جا رہے، میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو وارننگ دیتا ہوں کہ عمران خان سے متعلق کوئی شکایت ملی تو پورے پاکستان کو بند کردیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کے دن گن رہے ہیں، بہت جلد پورے پاکستان کو بند کر کے جعلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کریں گے، اس حکومت نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا ہے اس کو واپس لیں گے، حکومت ہمیں مجبور کر رہی ہے کہ ہم پر امن نہ رہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان سے غداری کرنے والوں کے لیے ہماری جماعت میں کوئی گنجائش نہیں۔