
شہید لیفٹیننٹ حسن اشرف کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم کی شرکت
پرائم منسٹر آفس سے جاری علامیے کے مطابق شہید لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، اعلیٰ حاضر سروس فوجی اور سول حکام اور شہید کے لواحقین نے جنازے میں شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کی غیر متزلزل لگن اور بہادری کی ایک اور شاندار مثال ہے، جنہوں نے اپنے پیارے وطن کی خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے لیے متحد ہے۔
لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف شہید کو قوم کے لیے ان کی عظیم قربانی کے اعتراف میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔