
رٹھوعہ ہریام برج سے متعلق ریکارڈ کی چھان بین ہو گی
وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت رٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، پرنسپل سیکرٹری فیاض علی عباسی اور سیکرٹری ورکس محمد ظفر خان ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ورکس نے رٹھوعہ ہریام برج کے ٹینڈرنگ پراسیس اور تعمیراتی کام کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے چیف پی اینڈ ڈی عامر لطیف کی سربراہی میں رٹھوعہ ہریام برج کے حوالے سے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا نے کی ہدایت کی جو جلد از جلد فیکٹ فائنڈنگ انکوائری مکمل کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو رٹھوعہ ہریام برج سے متعلقہ تمام ریکارڈ اور ٹینڈرنگ پراسیس کا ریکارڈ مہیا کر نے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی قصور واروں کا تعین کرتے ہوئے رپورٹ کرے گی۔ سیکرٹری ورکس اینڈ کمیونیکیشن کمیٹی کی نگرانی کریں گے۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ خود موقع پر جا کر معائنہ کرتے ہوئے 24گھنٹے میں رپورٹ پیش کریں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام برج انتہائی اہم نوعیت کا منصوبہ ہے اور اس پراجیکٹ کو حکومت کی پوری کوشش ہے کہ جلد از جلد مکمل کیا جائے۔