
رمضان المبارک سے پہلےایک بار پھرعوام کو مہنگائی کا تحفہ مل گیا
پٹرول 5 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 13 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا گیا
حکومت نے رمضان المبارک کے آغاز سے پہلے ہی ایک بار پھر عوام کو مہنگائی کا تحفہ دے دیا ۔ پٹرول 5 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 13 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا گیا جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رہے گی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔
منگل کی شب جاری ہونے والے نوٹی فی کیشن کے مطابق حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 272 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 13 روپے فی لیٹر اضافے کے بعد نئی قیمت 293 روپے فی لیٹر ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 56 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
اس حوالے سے فنانس ڈویژن کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پچھلے 15 دن میں روپے کی قدر میں کمی کے نتیجے میں پاکستان میں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔