دریا گلی،قتل ہونے والے سجاد عباسی کے ملزم نے گرفتاری دے دی
دریا گلی مری میں فائرنگ کے نتیجے میں جا ں بحق ہونے والے جماعت اسلامی کے
رکن اور تاجر سجاد عباسی کے ملزم سہراب نے تین روز بعد گرفتاری دے دی۔
واضح رہے کہ سجاد عباسی کو پانی کے تنازع پر ہونے والے جرگے کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا
جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
ملزم سہراب کے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ اس کی مقتول سے کوئی دشمنی یا تنازعہ نہیں تھا
اور یہ کہ قتل غیر ارادی فائرنگ کے نتیجے میں ہوا ہے،تاہم ملزم کے فرار نے معاملے کو مزید مشکوک بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد پولیس کا اہلکار فائرنگ سے شہید
شریف النفس انسان کے قتل کے المناک واقعے کے بعد مری اور گرد و نواح کے عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے
اور عوام کا مطالبہ ہے کہ قاتل کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور لوگوں میں بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس ختم کیا جائے۔
جماعت اسلامی مری کے رہنما سفیان عباسی نے 48 گھنٹے میں ملزم کی
گرفتاری کا الٹی میٹم دیتے ہوئے عدم گرفتاری کی صورت میں تھانے کے گھیراؤ اور احتجاج کی دھمکی دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید دباؤ کے پیش نظر خاندان کے لوگوں نے ملزم
کو گرفتاری کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ دریا گلی سمیت مری کے مختلف علاقوں میں
حالیہ برسوں کے دوران قتل کے نصف درجن کے قریب واقعات رونما ہو چکے ہیں۔