
حماس نےہراسرائیلی حملے پر ایک قیدی مارنےکی دھمکی دے دی
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر پرامن فلسطینیوں پر حملے بند نہ کیے گئے تو ہر حملے کے بدلے ایک اسرائیلی قیدی کو ہلاک کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حماس کے پاس اسرائیل کے میجر جنرل سمیت کئی ہائی پروفائل قیدی موجود ہیں ۔قبل ازیں حماس نے تصدیق کی تھی کہ اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کی رہائی پر مذاکرات جاری ہیں اور خواتین قیدیوں کے بدلے خواتین قیدی جبکہ مرد قیدیوں کے بدلے اسرائیلی قید میں موجود تمام فلسطینیوں کی رہائی پر بات چیت کی جائے گی۔
تاہم اسرائیل کی جانب سے غزہ کی آبادی پر وحشیانہ بمباری جاری رہنے پر حماس نے یہ دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حماس کی القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ پرامن فلسطینیوں پر ہر حملے کے بدلے ایک اسرائیلی قیدی کو قتل کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نہتے فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں یرغمال بنائے گئے چار اسرائیلی قیدی پہلے ہی ہلاک ہو چکے ہیں۔تاہم اب حماس نے خود ان قیدیوں کو ایک ایک کر کے ہلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔
حماس ترجمان ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ حملے کی صورت میں ہلاک کیے جانے والے ہر اسرائیلی قیدی کی فوٹیج جاری کی جائے گی اور اب اسرائیل کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسرائیل کے 130 فوجی اور شہری حماس کی قید میں موجود ہیں جبکہ بعض اطلاعات کے مطابق یہ تعداد ڈیڑھ سو سے زیادہ ہے۔
اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی پر بات چیت کے لیے حماس تیار
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ حماس نے اسرائیل سے جنگ بندی پر مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔حماس کے ایک اہم رہنما موسی ابو مرزوق نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنگ بندی کا عندیہ دیا ہے ۔
اس حوالے سے ایک سوال پر حماس رہنما کا کہنا تھا کہ حماس ایسی کسی کوشش اور تمام سیاسی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
Hamas threatened to kill a prisoner for every Israeli attack,حماس نےہراسرائیلی حملے پر ایک قیدی مارنےکی دھمکی دے دی