بھوربن میں غیرقانونی عمارت کالینٹر مسمار کر دیا گیا
مری کی ضلعی انتظامیہ مری نے بھوربن میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے دوران ایک زیر تعمیر عمارت کے لینٹر کورات کے اندھیرے میں مسمار کردیاجسے مالک نے ٹارگٹڈآپریشن قرار دیاہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پرغیر قانونی عمارت کو مسمار کیاگیا،جس کی نقشے کے مطابق منظوری لئے بغیر تعمیرات شروع کر دی گئی تھی ۔اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ عمارت کے مالک کو نوٹس کے ذریعے بھی مطلع کیا گیا تھا ۔تاہم انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر مری، سی او میونسپل کارپوریشن اور انسپکٹر بلڈنگ کے خبردارکرنے کے باوجود متعلقہ مالک نے غیر قانونی طور پر عمارت کی تعمیرات جاری رکھی۔
ڈی سی مری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مری کیپٹن (ر) قاسم اعجاز نے موقع پر جا کر غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی عمارت کے لنٹر کو مسمار کر دیا ۔آپریشن میں پولیس، میونسپل کارپوریشن مری اور ہائی وے ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔اس موقع پر اے ڈی سی آر مری نے کہاکہ بغیر منظوری تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی سی مری کی ہدایات کے مطابق غیر قانونی تعمیرات نہ صرف مسمار کی جائیں گی بلکہ متعلقہ مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔ دوسری جانب مذکورہ عمارت کے مالک کامران کا کہناہے کہ یہ رات کی تاریکی میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا ہے،بہت سی جگہوں پر سبزپردوں کے پیچھے دن رات تعمیرات جاری ہیں وہاں انتظامیہ اوردیگر اداروں کو دن کی روشنی میں بھی کچھ نظر نہیں آتا۔
Illegal building partially demolished in Bhurban, Murree,بھوربن میں غیرقانونی عمارت کالینٹر مسمار کر دیا گیا