بابوسرٹاپ پر سیاحوں کی گاڑی خوفناک حادثے کا شکار،8 جاں بحق
پنجاب کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی ملک کے معروف سیاحتی مقام بابو سرٹاپ پر بے قابو ہوکر سیکڑوں فٹ بلندی سے گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے 6 بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور 9 شدید زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے ایس ڈی پی او سرکل بالاکوٹ سعید الرحمان یدون نے بتایا کہ ساہیوال سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کی گاڑی ہائی ایس نمبر LES 4618 جس میں اٹھارہ افراد سوار تھے اور گاڑی بابو سرٹاپ کی جانب جارہی تھی کہ چڑھائی چڑھتے ہوئے کمزور ہوگئی اور ریورس ہونے پر ایک شخص حماد ولد ظفر نامی نے اتر کر گاڑی کے پچھلے ٹائروں پر پتھر رکھنے کی کوشش کی مگر گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سینکڑوں فٹ بلندی سے نیچے گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے6 افراد سمیت آٹھ افراد جاں بحق اور نو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں 6بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں گیارہ اور بارہ سال کے درمیان ہیں,جاں بحق ہونے والوں میں طلحہ عرفان ولد محمدعرفان،وقاص ولد محمدعرفان،محمد عرفان ولد محمد دین،محمدسرفراز ولد محمد دین،سعید ظفر ولد محمد ظفر،ثاقب عرفان ولد محمد عرفان شامل ہیں۔
زخمیوں میں ڈرائیور عبد المالک ولد محمد ریاض،ریدہ دختر سرفراز،عروج دختر عرفان،عطیہ دختر عرفان،آمنہ دختر ظفر،عائشہ دختر سرفراز،مریم دختر ظفر،زینت بی بی زوجہ ظفر ساکنان ساہیوال شامل ہیں،زخمیوں کو مقامی افراد اور پولیس کی مدد سے ناراں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ نعشوں کو بھی گاڑی میں سے نکال دیا گیا ہے جنہیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جا رہا ہے۔