الیکشن نتائج کیخلاف پی ٹی آئی کا مختلف شہروں میں احتجاج، پکڑ دھکڑ
الیکشن نتائج کے خلاف پی ٹی آئی میدان میں آگئی، تحریک انصاف نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔
لاہور میں پولیس نے کارروائی کے دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کو حراست میں لینے کے بعد رہا کر دیا، اسلام آباد میں ایف نائن پارک سے ریلی نکالی گئی، فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا، نعرے بازی کی۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے پارک میں جمع ہوئے، شیر افضل مروت، شعیب شاہین، سیمابیہ طاہر، شہریار ریاض اور دیگر رہنما بھی احتجاجی مظاہرے میں موجود تھے۔
پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی، اسلام آباد پولیس نے سیاسی جماعت کے احتجاج کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا، پولیس نے قیدی وین اور واٹر کینن واپس روانہ کر دی، احتجاج کی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی گئی۔
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاج کیا، احتجاج میں مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی، الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر الیکشن کمیشن سندھ کے باہر پولیس کی نفری تعینات تھی۔
گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے کا رکنوں نے انتخابی نتائج میں دھاندلیوں کیخلاف مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرہ کیا، این اے 80 اور77 کے کارکنان کے احتجاج کے باعث حافظ آباد اور نوشہرہ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی رہنما لالہ اسداللہ اور حسن یوسف نے کی۔
عارف والا، چنیوٹ میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے پارٹی پرچم اٹھا کر الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کے خلاف احتجاج کیا، شرکا کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی کے استعفیٰ کے بعد کچھ کہنا باقی نہیں رہا، ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے، عوام کے فیصلہ کا احترام کیا جائے۔
سیالکوٹ میں حلقہ این اے 71 کی امیدوار ریحانہ ڈار کے زیر قیادت احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریحانہ ڈار نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے اپنے ضمیر کے مطابق سچ بولا ہے۔
پشاور میں پی ٹی آئی نے ہزارخوانی رنگ روڈ پارک میں احتجاجی جلسہ کیا، جلسہ میں ارباب عامر ایوب، ارباب جہانداد، قاسم علی شاہ، فضل الٰہی، افتخار مشوانی شریک ہوئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں کارکنوں کے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف سوات پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا، کارکنان نے نعرہ بازی بھی کی، ایم پی اے اختر خان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ہم نے 180 نشستیں جیتی ہیں، ہماری قومی اسمبلی کی بیشتر نشستیں چھینی گئی ہیں۔
انتخابات میں دھاندلی کے خلاف دیربالا کے ختم نبوت چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بہاولپور میں فرید گیٹ چوک میں احتجاج کیا گیا، جہاں پولیس کی بھاری نفری بھی موجود رہی، اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ایم اے جناح روڈ پر احتجاج کیا، احتجاج میں خواتین سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔
حیدرآباد میں پاکستان تحریک انصاف نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا، احتجاج میں ایم کیو ایم لندن کے کارکنان نے بھی نعرے بازی کی، پولیس نے ایم کیو ایم لندن کے 2 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
ملک بھر کی طرح کرک میں بھی پی ٹی آئی نے احتجاج کیا، پی ٹی آئی ورکرز نے تحصیل چوک سے صدام چوک تک پیدل مارچ کیا، کارکنان نے صدام چوک کے مقام پر روڈ بلاک کر دی، احتجاج کے دوران مظاہرین نے دھاندلی کی تحقیقات اور مینڈیٹ واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔