اسلام آباد میں غیر ملکی خاتون سیاح 5 گھنٹے یرغمال
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی کی انوکھی واردات کے دوران سویٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والی خاتون سیاح پانچ ساتھیوں سمیت کئی گھنٹے ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال بنی رہی جس کے بعد انہیں لوٹ لیا گیا۔
اس دوران اسلام اباد اور راولپنڈی کے پولیس افسران تھانے کی حدود کے تنازعے پر آپس میں لڑتے رہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ غیر ملکی سیاح خاتون اپنے پانچ ساتھیوں سمیت ہائی کنگ ٹریک کے ذریعے ٹیکسلا میں سٹوپا بدھا کے مجسمے اور ثقافت دیکھنے گئی۔ پولیس اسٹیشن گولڑہ کے علاقے شاہ اللہ دتہ کے قریب نامعلوم ڈکیٹ گروہ نے پانچوں افراد کو یرغمال بنانے کے بعد انہیں حبس بے جا میں رکھ کر اے ٹی ایم مشین سے لاکھوں روپے کی نقدی اور قیمتی موبائل لوٹ کر اطمینان سے فرار ہو گئے۔
واردات کے بعد پورے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی کا پول کھل گیا ۔دوسری طرف راولپنڈی اور اسلام اباد پولیس کے افسران واردات کے بعد تھانے کی حدود کے تنازع میں الجھے رہے۔واضح رہے کہ غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ پیش انے والی اس طرح کی وارداتوں سے پاکستان کی عالمی سطح پر بدنامی ہوتی ہے جو سیاحت کی صنعت کے لیے بھی نقصان کا باعث بنتی ہے۔