
اسرائیل نے سفارتخانے میں پرچم سرنگوں رکھنے پر ترک سفیر کو طلب کرلیا
اسرائیل نے سفارتخانے میں پرچم سرنگوں رکھنے پر ترک سفیر کو طلب کرلیا
تل ابيب: اسرائیل کی وزارت خارجہ نے حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر سفارت خانے میں پرچم سرنگوں رکھنے پر ترکیہ کے نائب سفیر کو طلب کر لیا۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے معاملے پر تل ابیب میں ترک سفارت خانے کا پرچم سرنگوں رکھنے پر نائب سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرادیا۔
اسرائیل کے وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی ریاست کسی صورت اسماعیل ہنیہ جیسے افراد کے غم کے اظہار کو برداشت نہیں کرے گی۔
اسماعیل ہنیہ کو دو روز قبل تہران میں ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری کے بعد گیسٹ ہاؤس میں شہید کردیا گیا تھا، حماس اور ایران کی اس کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کردی تھی۔